اسلام آباد پولیس نے موبائل فون اسمگلنگ میں ملوث 16 رکنی گینگ کو گرفتار کر لیا، جس میں گینگ کا سرغنہ بھی شامل ہے۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز)
اسلام آباد پولیس نے موبائل فون چھیننے، آئی ایم ای آئی نمبر تبدیل کرنے اور چوری شدہ موبائل فون افغانستان اسمگل کرنے میں ملوث 16 رکنی منظم گینگ کو گرفتار کر لیا ہے، جس میں گینگ کا سرغنہ بھی شامل ہے۔ یہ کارروائی روبری اینڈ ڈکیتی یونٹ نے کی۔
پولیس کے مطابق ملزمان کے قبضے سے درجنوں قیمتی موبائل فون، موٹر سائیکلیں اور دیگر سامان برآمد ہوا، جن کی مالیت لاکھوں روپے ہے۔ ایس ایس پی آپریشنز قاضی علی رضا نے بتایا کہ ملزمان سے 2 موٹر سائیکلیں، 5 پستول اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا، جو وارداتوں میں استعمال ہوتا تھا۔
ملزمان نے اعتراف کیا کہ وہ جڑواں شہروں میں متعدد وارداتوں کے بعد موبائل فونز کے آئی ایم ای آئی نمبر تبدیل کر کے انہیں افغانستان اسمگل کرتے تھے۔ ایس ایس پی آپریشنز نے کہا کہ گینگ کے دیگر سہولت کاروں کی گرفتاری کے لیے بھی کارروائیاں جاری ہیں۔
یہ گرفتاریاں اسلام آباد پولیس کی حکمت عملی کا حصہ ہیں، جس کے تحت دارالحکومت میں منظم جرائم کے خلاف انٹیلی جنس بیسڈ کارروائیاں کی جا رہی ہیں۔















