فافن کی رپورٹ کے مطابق سندھ کے سرکاری محکمے صرف 54 فیصد معلومات عوام تک پہنچا رہے ہیں، جبکہ قانون کے تحت 14 اقسام کی معلومات شائع کرنا لازمی ہے۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز)
فری اینڈ فیئر الیکشن نیٹ ورک (فافن) کی نئی رپورٹ میں سندھ کے سرکاری محکموں کی شفافیت کی کمی کو واضح کیا گیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق سندھ کے سرکاری محکمے قانون کے تحت مطلوب معلومات کا صرف 54 فیصد عوام تک پہنچا رہے ہیں جبکہ قانون کے مطابق 14 اقسام کی معلومات ویب سائٹس پر شائع کرنا لازمی ہے۔
رپورٹ میں انکشاف کیا گیا کہ سندھ کے 36 سیکریٹریٹ اور 25 منسلک محکموں کی ویب سائٹس کا جائزہ لیا گیا، جہاں 95 فیصد ویب سائٹس پر محکمے کے فرائض اور ذمہ داریاں دستیاب ہیں۔ تاہم، صرف 15 فیصد محکموں نے فیصلہ سازی کے طریقہ کار اور 10 فیصد نے انتظامی و ترقیاتی فیصلوں کی تفصیلات شائع کیں۔
مزید بتایا گیا کہ سبسڈی اور مراعات پانے والوں کی معلومات صرف 5 سے 7 فیصد اداروں نے جاری کیں جبکہ معلومات تک رسائی کے لیے مختص افسران کے رابطہ نمبر صرف 14 فیصد ویب سائٹس پر درج ہیں۔ رپورٹ میں کہا گیا کہ حکومت سندھ کے محکموں میں سب سے بہتر کارکردگی فنانس، انویسٹمنٹ اور وزیراعلی سیکریٹریٹ کی رہی۔
فافن نے تجویز دی کہ سرکاری اداروں کو اپنی ڈیجیٹل موجودگی کو بہتر بنا کر بروقت اور مستند معلومات عوام تک پہنچانی چاہیے تاکہ شفافیت میں اضافہ ہو سکے۔














