وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے باجوڑ کے متاثرہ گھروں کی امداد ایک لاکھ 60 ہزار سے بڑھا کر 5 لاکھ روپے کر دی۔
پشاور: (رائیٹ ناوٴ نیوز) خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے باجوڑ میں حالیہ آپریشن کے جزوی متاثرہ گھروں کی تعمیر نو کے لئے امدادی رقم ایک لاکھ 60 ہزار سے بڑھا کر 5 لاکھ روپے کرنے کا اعلان کیا ہے۔
یہ اعلان باجوڑ کے پارلیمنٹیرینز، قومی مشران اور مقامی عمائدین کے ساتھ منعقدہ جرگہ کے دوران کیا گیا، جہاں جرگے نے وزیراعلیٰ پر اعتماد کا اظہار کیا اور مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
جرگے میں صوبے کی امن و امان کی صورتحال اور ترقیاتی حکمت عملی پر بھی غور کیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ قبائلی مشران، عوام، پولیس اور سکیورٹی فورسز نے امن کی بحالی کے لئے قربانیاں دی ہیں۔
سہیل آفریدی نے مزید کہا کہ فاٹا انضمام کے وقت 100 ارب روپے سالانہ کا وعدہ کیا گیا تھا، مگر پچھلے سات سالوں میں صرف 168 ارب روپے دیئے گئے ہیں۔
انہوں نے ضم اضلاع میں پولیس بھرتیوں کے لئے عمر کی حد بڑھانے اور باجوڑ کے شہدا پیکج پر کام تیز کرنے کی ہدایت بھی کی۔














