منی سوٹا میں مظاہرے شدت اختیار کر گئے، فوج الرٹ پر

منی سوٹا میں مظاہروں کی شدت بڑھ گئی، امریکی محکمہ دفاع نے 1500 فوجیوں کو الرٹ کر دیا ہے تاکہ ضرورت پڑنے پر فوری ردعمل دیا جا سکے۔

RIGHTNOW NEWS
ویب ڈیسک
منی سوٹا میں مظاہرے شدت اختیار کر گئے، فوج الرٹ پر

واشنگٹن: (رائیٹ ناوٴ نیوز) امریکی ریاست مینی سوٹا میں گزشتہ ایک ہفتے سے جاری مظاہرے شدت اختیار کر گئے ہیں، جس کی وجہ سے ریاست کی سیکیورٹی صورتحال تشویشناک ہو گئی ہے۔

منی سوٹا کے مختلف شہروں میں مظاہرین اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے درمیان کشیدگی برقرار ہے، جبکہ بعض علاقوں میں سڑکیں بند اور سرکاری و نجی املاک کو نقصان پہنچنے کی اطلاعات ہیں۔

صورتحال کے پیش نظر امریکی محکمہ دفاع پینٹاگون نے ہنگامی اقدامات کرتے ہوئے 1500 فوجیوں کو ممکنہ طور پر مینی سوٹا میں تعینات کیے جانے کے لیے تیار رہنے کا حکم دے دیا ہے۔

پینٹاگون کی جانب سے ڈیوٹی پر موجود فوجی اہلکاروں کو بھی الرٹ جاری کر دیا گیا ہے تاکہ ضرورت پڑنے پر فوری ردعمل دیا جا سکے۔ حکام کے مطابق وفاقی حکومت صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہے اور ریاستی انتظامیہ کے ساتھ رابطے میں ہے۔

مقامی حکام نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ پرامن رہیں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں سے تعاون کریں۔ انسانی حقوق کی تنظیموں نے مظاہرین اور سکیورٹی فورسز دونوں پر تحمل کا مظاہرہ کرنے پر زور دیا ہے۔

واضح رہے کہ منی سوٹا میں امیگریشن اینڈ کسٹمز انورسمنٹ (آئس) کے خلاف مظاہرے منیاپولس میں ایک واقعے کے بعد شروع ہوئے تھے، جس میں آئس ایجنٹ کی فائرنگ سے امریکی خاتون شہری رینی گڈ ہلاک ہو گئی تھیں۔

دیگر متعلقہ خبریں