سائنسدانوں نے شوگر کے مریضوں کے لیے قدرتی شکر ‘ٹاگیٹوز’ تیار کر لی ہے جو صحت کے لیے مفید ہے اور خون میں شوگر کی سطح کو نہیں بڑھاتی۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) سائنسدانوں نے شوگر کے مریضوں کے لیے ایک نئی قسم کی قدرتی شکر ‘ٹاگیٹوز’ تیار کر لی ہے جو عام شکر جتنی میٹھی ہے مگر صحت کے لیے مفید ہے۔ یہ شکر کیلوریز میں کم ہوتی ہے اور خون میں شوگر یا انسولین کی سطح کو اچانک نہیں بڑھاتی، خاص طور پر شوگر کے مریضوں کے لیے فائدہ مند ثابت ہو سکتی ہے۔
ٹاگیٹوز میں کیلوریز صرف ایک تہائی ہوتی ہیں، جس سے وزن بڑھنے کا خطرہ بھی کم ہوتا ہے۔ یہ شکر قدرتی طور پر کچھ پھلوں اور دودھ میں پائی جاتی ہے۔ بیکٹریا کی مدد سے اسے بنانا اب آسان ہو گیا ہے، اور پیداوار کی شرح 95 فیصد تک پہنچ گئی ہے۔
ڈاکٹروں کے مطابق یہ شکر دانتوں کے لیے بھی بہتر ہے اور منہ میں جراثیم کی افزائش کو روکتی ہے۔ ٹاگیٹوز جزوی طور پر ہضم ہوتی ہے اور وزن اور کولیسٹرول کو بہتر بنانے میں مددگار ہو سکتی ہے۔ اس پر مزید تحقیق جاری ہے۔















