پاکستان اور فلپائن کے درمیان دواسازی اور حیاتیاتی مصنوعات میں تجارت 1 ارب ڈالر تک بڑھانے کی صلاحیت ہے، عبدالرزاق صدیق کے مطابق یہ شراکت صحت اور اقتصادی روابط کو مستحکم کرے گی۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) فلپائن میں مقیم پاکستانی کاروباری شخصیت عبدالرزاق صدیق نے کہا ہے کہ پاکستان اور فلپائن کے درمیان دواسازی اور حیاتیاتی مصنوعات کے شعبے میں دو طرفہ تجارت 1 ارب ڈالر تک بڑھانے کی نمایاں صلاحیت موجود ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ادویات، ویکسینز اور جدید طبی آلات دونوں ممالک کے لیے تجارت میں تنوع لانے کے اہم شعبے ہیں۔
عبدالرزاق صدیق، جو سیکنڈ ورلڈ ٹریڈرز انکارپوریٹڈ کے صدر ہیں، نے کہا کہ ان شعبوں میں تعاون سے نہ صرف اقتصادی روابط مضبوط ہوں گے بلکہ صحت کے شعبے میں بھی بہتری آئے گی۔ فلپائن کی ایک دواساز کمپنی نے اسلام آباد میں ذیلی دفتر قائم کر دیا ہے، جس کا مقصد پاکستان کے ساتھ تجارتی اور صحت سے متعلق تعاون کو فروغ دینا ہے۔
انہوں نے انکشاف کیا کہ کمپنی ابتدائی مرحلے میں پاکستان میں قلت کو پورا کرنے کے لیے 1 کروڑ خوراکیں ٹیٹنس ٹاکسوئیڈ ویکسین درآمد کرنے کا منصوبہ رکھتی ہے، جس کے بعد مرحلہ وار مقامی پیداوار شروع کی جائے گی۔ آئندہ منصوبوں میں ڈاؤ انسٹی ٹیوٹ آف لائف سائنسز کے اشتراک سے اینٹی ریبیز سیرم کی تیاری اور بعد ازاں کینسر کے علاج سے متعلق ادویات کی پیداوار بھی شامل ہے۔
ماہرین کے مطابق دواسازی کے شعبے میں مشترکہ منصوبے پاکستان اور فلپائن کے درمیان نہ صرف تجارتی حجم میں اضافہ کر سکتے ہیں بلکہ خطے میں صحت کی سہولیات کی بہتری میں بھی اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔















