گلگت بلتستان میں برف باری کی کمی سے آئندہ مہینوں میں سیلاب کا خطرہ ہے۔ ماہرین کے مطابق موسمیاتی تبدیلی اور مقامی عوامل اس کے ذمہ دار ہیں۔
گلگت بلتستان: (رائیٹ ناوٴ نیوز) گلگت بلتستان میں غیر معمولی خشک موسم کی وجہ سے برف باری کی کمی واضح ہو چکی ہے جس سے مقامی آبادی میں تشویش پائی جاتی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق جنوری کے آخر تک مزید برف باری کے امکانات ہیں، تاہم علاقے کے بڑے حصے بدستور خشک ہیں۔
ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ برف باری کی کمی کی وجہ سے آئندہ مہینوں میں نشیبی علاقوں میں سیلاب کے خطرات بڑھ سکتے ہیں۔ اسکردو میں حالیہ برف باری کے بعد بھی پہاڑوں پر برف کی موٹی تہہ نہیں بنی۔
گلگت بلتستان کے ماحولیاتی ماہرین کے مطابق موسمیاتی تبدیلی اور ماحولیاتی بگاڑ کے باعث برف باری کا دورانیہ کم ہو رہا ہے۔ تاخیر سے برف باری گرمیوں کے آغاز پر تیزی سے پگھل جاتی ہے، جس سے سیلاب کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ موسمیاتی تبدیلی کے ساتھ مقامی عوامل جیسے جنگلات کی کٹائی، غیر منصوبہ بند تعمیرات اور سیاحت میں اضافہ بھی برف باری میں کمی کا سبب بن رہے ہیں۔ گرین ہاؤس گیسوں کے اخراج اور دیگر عوامل نے درجہ حرارت میں اضافہ کر دیا ہے، جس سے علاقے میں موسمی خطرات بڑھ گئے ہیں۔















