بھارت کی ایوی ایشن اتھارٹی نے انڈی گو پر 222 ملین روپے کا ریکارڈ جرمانہ عائد کیا۔ ناقص منصوبہ بندی کے باعث پروازوں کی منسوخی پر یہ کارروائی ہوئی۔
نئی دہلی: (رائیٹ ناوٴ نیوز) بھارت کی سول ایوی ایشن ریگولیٹری اتھارٹی نے دسمبر میں بڑے پیمانے پر پروازوں کی منسوخی پر ملک کی سب سے بڑی ایئرلائن انڈی گو پر 222 ملین بھارتی روپے (تقریباً 24 لاکھ 50 ہزار ڈالر) کا ریکارڈ جرمانہ عائد کیا ہے۔
ریگولیٹر کے مطابق ناقص ڈیوٹی روسٹر منصوبہ بندی کے باعث پروازوں کی منسوخی کا بحران پیدا ہوا جس پر انڈی گو کو یہ جرمانہ کیا گیا۔ اتھارٹی نے ایئرلائن کے اعلیٰ حکام کو وارننگ جاری کی ہے اور جیسن ہرٹر کو موجودہ آپریشنل ذمہ داریوں سے ہٹانے کا حکم دیا ہے۔
حکام نے انڈی گو کو 5.51 ملین ڈالر کی بینک گارنٹی جمع کروانے کا بھی حکم دیا ہے تاکہ ریگولیٹری احکامات پر عملدرآمد یقینی بنایا جا سکے۔
انڈی گو کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ بورڈ اور انتظامیہ حکومتی احکامات کا جائزہ لے رہی ہے اور مناسب وقت پر اقدامات کیے جائیں گے۔ دسمبر کے ابتدائی ہفتوں میں انڈی گو نے تقریباً 4,500 پروازیں منسوخ کیں، جس سے ملک بھر میں بدنظمی پیدا ہوئی۔















