دسمبر 2025 میں پاکستان چاول برآمدات میں 14 فیصد اضافے کے ساتھ دنیا کا تیسرا بڑا برآمد کنندہ بن گیا۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) دسمبر 2025 میں پاکستان کی چاول برآمدات میں 14 فیصد اضافہ ہوا، جس سے پاکستان دنیا کا تیسرا بڑا چاول برآمد کنندہ بن گیا۔ باسمتی چاول کی برآمدات میں 50 فیصد سے زائد اضافہ ہوا، جس کی بدولت پاکستان نے ویتنام کو پیچھے چھوڑ دیا۔
دسمبر 2025 میں پاکستان نے 489,000 ٹن چاول برآمد کیے جبکہ ویتنام کی برآمدات 387,000 ٹن رہیں۔ پاکستان کی چاول کی سب سے بڑی منڈی متحدہ عرب امارات رہی، جہاں 74,897 ٹن چاول برآمد کیے گئے۔
وسطی ایشیائی منڈیوں میں بھی پاکستان کی بڑھتی ہوئی موجودگی دیکھی گئی، خاص طور پر قازقستان اور ازبکستان میں۔ افغان سرحد کی بندش کے بعد پاکستان نے براہِ راست برآمدات شروع کیں، جس سے خطے میں پاکستانی چاول کی شناخت مضبوط ہوئی۔
تاہم، عراق اور ترکیہ میں پاکستانی چاول کی برآمدات اب بھی محدود ہیں۔ وزیراعظم شہباز شریف نے چاول برآمدات بڑھانے کے لیے جامع حکمت عملی تیار کرنے کی ہدایت دی ہے۔ عالمی مسابقت، لاجسٹکس اخراجات اور سکیورٹی مسائل جیسے چیلنجز اب بھی موجود ہیں۔
بعض مثبت عوامل میں امریکا کی جانب سے بھارتی چاول پر 50 فیصد ٹیرف اور ایران میں زرِمبادلہ پالیسی میں تبدیلی شامل ہیں، جس سے پاکستانی برآمدات کے لیے نئی گنجائش پیدا ہوئی ہے۔














