ملک میں سولر پینل کی قیمتوں میں اچانک اضافہ ہوا ہے، چینی پینلز کی قیمتیں 5 ہزار روپے تک بڑھ چکی ہیں۔
کراچی: (رائیٹ ناوٴ نیوز) ملک میں رواں سال کے آغاز سے سولر پینلز کی قیمتوں میں اچانک اضافہ ہوا ہے۔ 585، 645 اور 720 واٹ کے چینی سولر پینلز کی قیمتوں میں اوسطاً پانچ ہزار روپے کا اضافہ دیکھا گیا ہے، جس کے باعث 585 واٹ کے پینل کی قیمت 16 سے 17 ہزار روپے سے بڑھ کر 20 سے 21 ہزار روپے ہوگئی ہے۔
645 واٹ کے سولر پینل کی قیمت 20 ہزار سے بڑھ کر 24 سے 25 ہزار روپے جبکہ 720 واٹ کے پینل کی قیمت 22 سے 25 ہزار روپے سے بڑھ کر 30 سے 35 ہزار روپے ہوگئی ہے۔
کراچی الیکٹرانکس ڈیلرز ایسوسی ایشن کے نائب صدر سلیم میمن نے بتایا کہ عالمی سطح پر چاندی اور تانبے کی قیمت میں اضافے کے باعث چینی کمپنیوں کی پیداواری لاگت میں اضافہ ہوا ہے۔ اس کے علاوہ، چینی سولر پینلز کی امپورٹ پر ٹیکسز بھی قیمتوں میں اضافے کی وجوہات میں شامل ہیں۔
سلیم میمن نے کہا کہ ملک میں بڑھتی ہوئی عوامی خریداری اور چین میں بڑھتی قیمتوں کے سبب آئندہ چند ماہ میں سولر پینل کی فی واٹ قیمت 40 روپے تک پہنچ سکتی ہے۔















