امریکی صدر نے ترک صدر کو غزہ امن اقدام میں شمولیت کی دعوت دی، ترک صدر کا جائزہ جاری۔
انقرہ: (رائیٹ ناوٴ نیوز) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ترک صدر رجب طیب ایردوان کو غزہ کی صورتحال کے حوالے سے ایک نئے بین الاقوامی امن اقدام میں تعاون کی دعوت دی ہے۔ ترک صدارتی دفتر نے تصدیق کی کہ صدر ٹرمپ نے ترک صدر کو غزہ کے لئے قائم کیے جانے والے مجوزہ ‘بورڈ آف پیس’ کا بانی رکن بننے کی پیشکش کی ہے۔
خط میں غزہ میں انسانی بحران کے خاتمے، فوری جنگ بندی اور امدادی سرگرمیوں کو مؤثر بنانے پر زور دیا گیا ہے۔ امریکی صدر نے ترکی کے علاقائی کردار اور صدر ایردوان کی سفارتی کوششوں کو سراہا اور کہا کہ ترکی امن عمل میں کلیدی کردار ادا کر سکتا ہے۔
ترک حکام کے مطابق صدر ایردوان نے خط کا بغور جائزہ لینا شروع کر دیا ہے اور مناسب وقت پر سفارتی جواب دیا جائے گا۔ یہ پیشرفت غزہ کے معاملے پر عالمی سفارتکاری میں ایک نئی پیش رفت قرار دی جا رہی ہے۔














