بجلی کی قیمت میں 48 پیسے فی یونٹ اضافے کا امکان

سی پی پی اے نے دسمبر کے فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ میں بجلی کی قیمت میں 48 پیسے فی یونٹ اضافے کی درخواست دی ہے، نیپرا کی سماعت 29 جنوری کو ہوگی۔

RIGHTNOW NEWS
ویب ڈیسک
بجلی کی قیمت میں 48 پیسے فی یونٹ اضافے کا امکان

اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) سنٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی (سی پی پی اے) نے دسمبر کے فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی کی قیمت میں 48 پیسے فی یونٹ اضافے کی درخواست دی ہے۔

سی پی پی اے کی درخواست پر نیپرا اتھارٹی 29 جنوری کو سماعت کرے گی۔ اگر منظوری ملی تو کے الیکٹرک اور ڈسکوز کے صارفین پر 4 ارب روپے سے زائد کا اضافی بوجھ پڑنے کا امکان ہے۔

درخواست کے مطابق دسمبر میں 8 ارب 48 کروڑ 70 لاکھ یونٹس بجلی پیدا کی گئی جبکہ ڈسکوز کو 8 ارب 20 کروڑ 80 لاکھ یونٹس فراہم کی گئی۔ دسمبر میں بجلی کی فی یونٹ لاگت 9 روپے 62 پیسے رہی۔

سی پی پی اے کے مطابق دسمبر میں بجلی کی پیداوار میں ہائیڈل کا حصہ 18.07 فیصد، مقامی کوئلے سے 13.99 فیصد، اور درآمدی کوئلے سے 10.13 فیصد رہا۔ قدرتی گیس سے 11.20 فیصد جبکہ درآمدی گیس سے 17.24 فیصد بجلی پیدا کی گئی۔

درخواست میں بتایا گیا کہ دسمبر کے دوران نیوکلیئر ذرائع سے بجلی کی پیداوار 25.05 فیصد رہی۔ نیپرا کی سماعت کے بعد حتمی فیصلہ ہوگا جس کے اثرات بجلی صارفین کے بلوں پر پڑ سکتے ہیں۔

دیگر متعلقہ خبریں