لاہور میں بسنت کیلئے پولیس کا 27 نکاتی سکیورٹی پلان جمع

لاہور میں بسنت کے لیے پولیس کا 27 نکاتی سکیورٹی پلان لاہور ہائیکورٹ میں پیش، شہر کو تین زونز میں تقسیم کر کے مختلف اقدامات کیے جائیں گے۔

RIGHTNOW NEWS
ویب ڈیسک
لاہور میں بسنت کیلئے پولیس کا 27 نکاتی سکیورٹی پلان جمع

لاہور: (رائیٹ ناوٴ نیوز) لاہور میں بسنت کو محفوظ بنانے کے لیے پولیس نے 27 نکاتی سکیورٹی پلان لاہور ہائیکورٹ میں جمع کر دیا ہے۔ اس پلان کے تحت بسنت کے دوران شہر کو تین زونز ریڈ، ییلو اور گرین میں تقسیم کیا جائے گا، جہاں مختلف سکیورٹی اقدامات کیے جائیں گے۔

پولیس رپورٹ کے مطابق بسنت کے دنوں میں فری رکشہ سروس کے لیے حکومت کی جانب سے 5 ہزار رکشے فراہم کیے جائیں گے۔ پتنگ بازی کے ہاٹ سپاٹ علاقوں کا تعین کیا گیا ہے اور ان علاقوں میں سخت نگرانی کی جائے گی۔

ریڈ زونز میں بغیر انٹینا موٹر سائیکل لانے کی اجازت نہیں ہوگی اور موٹر سائیکل سواروں کے لیے ہیلمٹ لازم ہوگا۔ چھتوں پر غیر قانونی سرگرمیاں روکنے کے لیے فورس تعینات کی جائے گی۔

پتنگ بازی کے لیے صرف منظور شدہ کاٹن کا دھاگہ استعمال کیا جا سکے گا، کیمیکل اور دھاتی ڈور بنانے والوں کے خلاف کارروائی ہوگی۔ زیادہ پتنگ بازی والے علاقوں کی ڈرون کیمروں سے مانیٹرنگ کی جائے گی۔

ہنگامی حالات سے نمٹنے کے لئے کوئیک رسپانس ٹیمیں موجود رہیں گی اور بسنت کے دنوں میں بجلی کے حادثات سے نمٹنے کے لیے لیسکو سے تعاون کیا جائے گا۔

دیگر متعلقہ خبریں