ٹک ٹاک نے یورپ میں 13 سال سے کم عمر صارفین کی شناخت کے لیے نئی ٹیکنالوجی متعارف کرانے کا اعلان کیا ہے اور قوانین کی تعمیل کو یقینی بنانے پر زور دیا ہے۔
لندن: (رائیٹ ناوٴ نیوز) ٹک ٹاک نے یورپ میں 13 سال سے کم عمر صارفین کی شناخت کے لیے نئی ٹیکنالوجی متعارف کرانے کا اعلان کیا ہے۔ یہ نظام صارفین کی پروفائل معلومات، ویڈیوز اور رویے کے نمونوں کا تجزیہ کرے گا تاکہ کم عمر بچوں کے اکاؤنٹس کی نشاندہی کی جا سکے۔
یہ ٹیکنالوجی ایک سال کے پائلٹ پروگرام کے بعد تیار کی گئی ہے۔ ٹک ٹاک نے واضح کیا ہے کہ نشاندہی کیے گئے اکاؤنٹس کو ماہر موڈریٹرز جائزہ لیں گے اور خودکار طور پر بند نہیں کیا جائے گا۔
یہ نظام یورپی قوانین کے مطابق تیار کیا گیا ہے، اور صارفین کی پرائیویسی کے تحفظ کو مدنظر رکھا گیا ہے۔ یورپی حکام نے کمپنیوں پر زور دیا ہے کہ وہ صارفین کی عمر کی تصدیق مؤثر طریقے سے کریں۔
ٹک ٹاک نے مزید بتایا کہ اپیل کی صورت میں ‘یوٹی’ ادارے کی فیشل ایج ایسٹیمیشن ٹیکنالوجی استعمال ہوگی، اور کریڈٹ کارڈ و سرکاری شناختی دستاویزات بھی دیکھی جائیں گی۔
پہلے برطانیہ میں پائلٹ پروگرام کے دوران ہزاروں کم عمر بچوں کے اکاؤنٹس ختم کیے گئے تھے۔














