پی ٹی اے کی رپورٹ کے مطابق، ملک میں بیہودگی اور غیر اخلاقی مواد کے سبب 10 لاکھ 61 ہزار سے زائد لنکس بلاک کیے گئے ہیں۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی نے اپنی رپورٹ میں انکشاف کیا ہے کہ ملک بھر میں بیہودگی اور غیر اخلاقی مواد کے سبب 10 لاکھ 61 ہزار سے زائد لنکس بلاک کیے گئے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق، فیس بک اور ٹک ٹاک پر سب سے زیادہ غیر قانونی مواد پایا گیا، جہاں فیس بک کے 2 لاکھ 29 ہزار لنکس چیک کرکے 1 لاکھ 97 ہزار بلاک کیے گئے۔ انسٹاگرام پر 43 ہزار لنکس کی جانچ کے بعد 38 ہزار بلاک کر دیے گئے، جبکہ ٹک ٹاک کے ایک لاکھ 63 ہزار لنکس بلاک کیے گئے۔
یوٹیوب پر 72 ہزار لنکس کی جانچ پڑتال کی گئی، جن میں سے 64 ہزار بلاک کیے گئے، اور ایکس پر 70 ہزار 800 لنکس بلاک کیے گئے، جہاں بلاکنگ کا تناسب سب سے کم رہا۔
رپورٹ مزید بتاتی ہے کہ توہین عدالت، مذہب کے خلاف مواد، اور نفرت انگیز مواد کے 14 لاکھ سے زائد لنکس بلاک کیے گئے ہیں۔ ریاستی اداروں کے خلاف مواد پر بھی 1 لاکھ 48 ہزار لنکس بلاک کیے گئے ہیں۔















