پٹرول کی قیمت میں 5 روپے فی لیٹر کمی کی توقع تھی، تاہم پٹرولیم لیوی میں مزید 5 روپے اضافہ کر دیا گیا ہے۔ ان کے مطابق اس فیصلے سے عوام کو کسی قسم کا ریلیف نہیں ملا
پشاور: (رائیٹ ناوٴ نیوز) خیبر پختونخوا حکومت کے مشیر خزانہ مزمل اسلم نے ایکس پر اپنے بیان میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں متوقع کمی نہ ہونے پر وفاقی حکومت کی پالیسیوں کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو ریلیف دینے کی بات آتی ہے تو حکومت اسے روک لیتی ہے۔
مزمل اسلم نے کہا کہ پٹرول کی قیمت میں 5 روپے فی لیٹر کمی کی توقع تھی، تاہم پٹرولیم لیوی میں مزید 5 روپے اضافہ کر دیا گیا ہے۔ ان کے مطابق اس فیصلے سے عوام کو کسی قسم کا ریلیف نہیں ملا۔
ان کا کہنا تھا کہ بظاہر حکومت کا مقصد گیس کے سرکلر ڈیٹ میں کمی تھا، جو خاموشی سے پورا کر لیا گیا۔ اسلم کے مطابق ملک کی صرف 27 فیصد آبادی کو گیس پائپ لائن کے ذریعے گیس دستیاب ہے، مگر پٹرول کی قیمتوں کی صورت میں 100 فیصد عوام سے گیس سرکلر ڈیٹ وصول کیا جا رہا ہے۔
مشیر خزانہ خیبر پختونخوا کا کہنا تھا کہ گیس کے سرکلر ڈیٹ کی بنیادی وجہ 2015 میں نواز شریف حکومت کے دوران کیے گئے ایل این جی معاہدے ہیں۔ ان کے مطابق موجودہ حکومت انہی معاہدوں سے جان چھڑانے کے لیے قطر اور ای این آئی کے ساتھ 2027 تک 45 ایل این جی کارگو معطل کرنے کے فیصلے کر رہی ہے۔














