بیلا حدید نے لاس اینجلس میں ریلیف کنسرٹ کے بعد غزہ کے بچوں کے لیے عالمی توجہ کی اپیل کی۔ کنسرٹ میں $5.5 ملین کی امداد جمع کی گئی۔
لاس اینجلس: (رائیٹ ناوٴ نیوز) فلسطینی-امریکی سپر ماڈل بیلا حدید نے لاس اینجلس میں منعقدہ ریلیف کنسرٹ کے بعد غزہ کے بچوں اور متاثرہ خاندانوں کے لیے عالمی توجہ کی اہمیت پر زور دیا۔ اس کنسرٹ میں $5.5 ملین کی امدادی رقم جمع کی گئی، جو فلسطین اور سوڈان میں انسانی ہمدردی کی تنظیموں کو فراہم کی جائے گی۔ اس تقریب کی میزبانی بیلا حدید اور اداکار پیڈرو پاسکل نے کی، جبکہ معروف فنکاروں نے بھی پرفارم کیا۔
بیلا حدید نے اپنے انسٹاگرام پر کہا کہ ریلیف کنسرٹ میں شرکت صرف موسیقی کے لیے نہیں بلکہ انسانی ہمدردی کے جذبے کے تحت تھی۔ انہوں نے فلسطین چلڈرن رلیف فنڈ (PCRF) کی خدمات کو سراہا، جو غزہ کے بچوں کی مدد کرتی ہے۔ PCRF نے 6,000 یتیم بچوں کو ماہانہ امداد فراہم کی اور 21 ملین لیٹر صاف پانی مہیا کیا۔
سپر ماڈل نے سوڈان کے بحران کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ وہاں 12 ملین سے زائد لوگ بے گھر ہیں اور 25 ملین غذائی عدم تحفظ کا شکار ہیں۔ سوڈانی امریکن فزیشنز ایسوسی ایشن (SAPA) کے کردار کو سراہتے ہوئے، انہوں نے بتایا کہ یہ ایسوسی ایشن سوڈان میں صحت کی سہولیات فراہم کرنے میں مدد کرتی ہے۔















