پاکستان و دیگر ممالک کا فلسطینی کمیٹی کے قیام کا خیرمقدم

پاکستان سمیت 8 ممالک نے غزہ کے انتظام کے لیے فلسطینی ٹیکنوکریٹ کمیٹی کے قیام کا خیرمقدم کیا، جو اقوام متحدہ کی قرارداد کے تحت کام کرے گی۔

RIGHTNOW NEWS
ویب ڈیسک
پاکستان و دیگر ممالک کا فلسطینی کمیٹی کے قیام کا خیرمقدم

اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) پاکستان، سعودی عرب، مصر، اردن، متحدہ عرب امارات، انڈونیشیا، ترکی اور قطر کے وزرائے خارجہ نے غزہ پٹی کے انتظام کے لیے قائم کی گئی نیشنل کمیٹی فار ایڈمنسٹریشن آف غزہ کے اعلان کا خیرمقدم کیا ہے۔ یہ کمیٹی اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرارداد 2803 کے تحت عبوری انتظامی ڈھانچے کے طور پر قائم کی گئی ہے، جو جامع امن منصوبے کے دوسرے مرحلے کا حصہ ہے اور فلسطینی اتھارٹی کے تعاون سے کام کرے گی۔

دفتر خارجہ کی جانب سے جاری مشترکہ بیان کے مطابق، کمیٹی کا قیام غزہ میں روزمرہ امور کے انتظام کو بہتر بنانے اور غرب اردن اور غزہ کے ادارہ جاتی و جغرافیائی ربط کو برقرار رکھنے کے لیے اہم قدم ہے۔ آٹھ ممالک کے وزرائے خارجہ نے غزہ کی وحدت کو برقرار رکھنے اور تقسیم کی کوششوں کو مسترد کرنے پر زور دیا۔

وزرائے خارجہ نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے امن منصوبے کے دوسرے مرحلے کے آغاز کا بھی خیرمقدم کیا اور غزہ میں جنگ بندی کے لیے ان کی کوششوں کو سراہا۔ مشترکہ بیان میں صدر ٹرمپ کے کردار کی تعریف کرتے ہوئے کہا گیا کہ ان کی کوششوں سے غزہ میں جنگ کا خاتمہ، اسرائیلی فوج کا انخلا، مغربی کنارے کے الحاق کی روک تھام اور خطے میں امن کے فروغ کی راہ ہموار ہوئی ہے۔

مشترکہ بیان میں غزہ کی تعمیرِ نو اور بحالی کے ابتدائی اقدامات شروع کرنے اور فلسطینی اتھارٹی کی واپسی کا راستہ ہموار کرنے کی اپیل کی گئی۔ مزید کہا گیا کہ دیرپا اور جامع امن کے لیے اقوام متحدہ کی قراردادوں، عرب امن منصوبے اور دو ریاستی حل کے مطابق فلسطینی علاقوں سے قبضے کے مکمل خاتمے اور 1967 کی سرحدوں پر مشرقی بیت المقدس کو دارالحکومت بنا کر آزاد فلسطینی ریاست کے قیام کی ضرورت ہے۔

دیگر متعلقہ خبریں