کراچی میں کروڑ پتی ماسیوں کا گینگ گرفتار

کراچی میں 5 رکنی کروڑ پتی ماسیوں کا گینگ گرفتار، چوری کی رقم سے قیمتی اشیا خریدنے کا اعتراف۔

RIGHTNOW NEWS
ویب ڈیسک
کراچی میں کروڑ پتی ماسیوں کا گینگ گرفتار

کراچی: (رائیٹ ناوٴ نیوز) پولیس نے گھروں میں وارداتیں کرنے والے کروڑ پتی ماسیوں کے 5 رکنی گینگ کو گرفتار کر لیا۔ یہ خواتین 9 سال سے پی ای سی ایچ ایس میں ایک معروف صنعت کار کے بنگلے میں ملازمت کر رہی تھیں اور چوری کی رقم سے گھر، گاڑی اور دیگر قیمتی اشیا خریدنے کا اعتراف کر چکی ہیں۔

ایس ایس پی ایسٹ زبیر نذیر شیخ کے مطابق، گرفتار ماسیاں معروف صنعت کار کے گھر میں گزشتہ 9 سال سے کام کر رہی تھیں اور گینگ کی سرغنہ عروج نے لاکر کی چابی چرا کر ڈپلیکیٹ بنوائی تھی۔ عروج نے چوری کی رقم سے 39 لاکھ روپے میں گھر، 30 لاکھ روپے میں گاڑی اور 2 لاکھ 60 ہزار کی موٹر سائیکل خریدی تھی۔

پولیس نے بتایا کہ گرفتار ماسیوں کی شناخت عروج، سویرا، نائلہ، ثنا اور علشبہ کے ناموں سے ہوئی ہے، جن کا تعلق مختلف شہروں سے ہے۔ فیروز آباد تھانے میں ان کے خلاف مقدمہ درج ہے اور تفتیش جاری ہے۔ ایس ایس پی نے عوام سے اپیل کی ہے کہ گھریلو ملازماؤں کی بھرتی سے قبل ان کا شناختی کارڈ اور پولیس ویری فکیشن لازمی کروائیں۔

دیگر متعلقہ خبریں