یورپی ممالک نے گرین لینڈ میں محدود فوجی تعیناتی شروع کی، ڈنمارک اور اتحادی فوجی مشقوں کی تیاری کر رہے ہیں۔
گرین لینڈ: (رائیٹ ناوٴ نیوز) یورپی ممالک نے گرین لینڈ میں محدود فوجی تعیناتی کا آغاز کر دیا، جہاں ڈنمارک اور اس کے اتحادی فوجی مشقوں کی تیاری کر رہے ہیں۔ یہ اقدام اس وقت اٹھایا گیا جب امریکا، ڈنمارک اور گرین لینڈ کے درمیان اعلیٰ سطحی اجلاس بغیر کسی پیش رفت کے ختم ہو گیا۔
ڈنمارک کی وزیرِاعظم میٹے فریڈرکسن نے کہا ہے کہ گرین لینڈ پر امریکی قبضے کی خواہش بدستور موجود ہے اور یہ ایک سنجیدہ اختلاف ہے، جسے روکنے کی کوششیں جاری ہیں۔
روس نے نیٹو کی جانب سے چین اور روس کو گرین لینڈ کے لیے خطرہ قرار دینے کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے خطے میں کشیدگی بڑھنے سے خبردار کیا ہے۔
ڈنمارک اور گرین لینڈ نے تصدیق کی ہے کہ نیٹو اتحادیوں کے تعاون سے جزیرے اور اس کے اطراف میں فوجی موجودگی بڑھائی جا رہی ہے۔ جرمنی، فرانس، سویڈن، ناروے اور نیدرلینڈز نے بتایا ہے کہ وہ آئندہ مہینوں میں بڑی فوجی مشقوں کی تیاری کے لیے اہلکار بھیج رہے ہیں۔
گرین لینڈ کے وزیرِاعظم جینس فریڈرک نیلسن نے کہا ہے کہ گرین لینڈ نہ تو امریکا کے زیرِ انتظام آنا چاہتا ہے اور نہ ہی اس کی ملکیت بننا چاہتا ہے اور وہ ڈنمارک اور نیٹو اتحاد کا حصہ رہے گا۔














