پنجاب پولیس نے سوشل میڈیا پر فیک نیوز پھیلانے پر عوام کو قانونی کارروائی کی وارننگ دی ہے۔
لاہور: (رائیٹ ناوٴ نیوز) پنجاب پولیس نے عوام کو خبردار کیا ہے کہ سوشل میڈیا پر غلط یا جھوٹی خبر یا مواد کو ری ٹویٹ، ری پوسٹ، فارورڈ یا تشہیر کرنا فیک نیوز پھیلانے کے زمرے میں آتا ہے۔
ترجمان پنجاب پولیس نے کہا کہ پاکستانی آئین کا آرٹیکل 19 آزادی اظہار رائے کی اجازت دیتا ہے، مگر معزز عدلیہ، ریاست یا سکیورٹی اداروں کے خلاف ہرزہ سرائی یا کردار کشی کی اجازت نہیں دیتا۔
انہوں نے مزید کہا کہ سوشل میڈیا پر جھوٹ پر مبنی اے آئی میمز، پوسٹ، ویڈیوز یا کسی بھی ذریعہ سے کسی فرد یا ادارے کی کردار کشی اخلاقی طور پر غلط اور قابل دست اندازی جرم ہے۔ ایسا کرنے والا جرم کا مرتکب ہوگا۔
مزید برآں، من گھڑت اور غیر مصدقہ خبروں کی تشہیر پر قانون فوری حرکت میں آئے گا۔ شہریوں کو قانونی کارروائی سے بچنے کے لئے فیک نیوز اور مواد کی تشہیر سے اجتناب کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔














