جنید صفدر کی شادی کی تقریبات 16 جنوری سے شروع ہوں گی، ولیمہ 18 جنوری کو ہوگا۔
لاہور: (رائیٹ ناوٴ نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے بیٹے اور سابق وزیراعظم نواز شریف کے نواسے جنید صفدر جلددوبارہ شادی کے بندھن میں بندھنے والے ہیں۔ ان کی شادی شانزے علی روحیل سے ہوگی، جو پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما شیخ روحیل اصغر کی پوتی ہیں۔ شادی کی تقریبات 16 جنوری 2026 سے شروع ہوں گی، جبکہ بارات 17 جنوری کو لیک سٹی جائے گی۔
سوشل میڈیا پر وائرل کارڈ کے مطابق جنید صفدر کا ولیمہ 18 جنوری 2026 کو شریف فارمز جاتِی اُمرا میں ہوگا، تاہم شریف خاندان نے تقریبات کی تاریخوں کی تصدیق یا تردید نہیں کی۔
شیخ روحیل اصغر نے گزشتہ ماہ جنید صفدر کی دوسری شادی کی تصدیق کرتے ہوئے کہا تھا کہ یہ شادی ان کی پوتی شانزے اور جنید کی بہن ماہنور کی دوستی کی بنیاد پر ہوئی ہے۔ جنید صفدر نے اکتوبر 2023 میں اپنی سابقہ اہلیہ سے علیحدگی کی تصدیق کی تھی۔














