پاکستان میں ادویات اور میڈیکل آلات کی برآمدات میں 34 فیصد اضافہ ہوا ہے، یہ کامیابی رجسٹریشن، اصلاحات اور ڈیجیٹلائزیشن کی بدولت ممکن ہوئی۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) پاکستان میں ادویات اور میڈیکل آلات کی برآمدات میں 34 فیصد نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان (ڈریپ) کے مطابق یہ کامیابی ادویات کی رجسٹریشن، اصلاحات، ڈیجیٹلائزیشن اور شفاف نظام کے باعث ممکن ہوئی ہے۔
ڈریپ نے برآمدات کے فروغ کے لیے سرٹیفکیشن کے اجراء کے دورانیے میں نمایاں کمی کی ہے۔ ادویات کی برآمدی رجسٹریشن کا دورانیہ 60 دن سے کم کرکے صرف 10 دن کر دیا گیا ہے جبکہ میڈیکل ڈیوائسز کی رجسٹریشن 20 دن میں مکمل ہو رہی ہے۔
اتھارٹی کا کہنا ہے کہ کئی برآمدی سرٹیفکیٹس اب 30 دن کے بجائے صرف 5 دن میں جاری کیے جا رہے ہیں۔ 70 فیصد ریگولیٹری امور ڈیجیٹلائز ہو چکے ہیں جبکہ مارچ تک مکمل ڈیجیٹلائزیشن کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔
ڈریپ کے مطابق آن لائن میڈیکل ڈیوائسز رجسٹریشن اور ای آفس سسٹم کے نفاذ سے غلطیوں اور تاخیر میں واضح کمی آئی ہے، جس کے نتیجے میں جدید ٹیکنالوجیز مریضوں تک بروقت پہنچ رہی ہیں۔
مزید برآں، نئی تھراپیز اور کینسر کے علاج سے متعلق مصنوعات کی منظوری کا دورانیہ تین ماہ رہ گیا ہے۔ ادویات کے معیار کو یقینی بنانے کے لیے قومی سطح پر کوالٹی کنٹرول لیبارٹری نیٹ ورک قائم کیا جا رہا ہے۔













