امریکی صدر ٹرمپ نے گرین لینڈ کو امریکی سلامتی کے لیے اہم قرار دیا، جغرافیائی اہمیت اور معدنیات کے ذخائر کے باعث بڑی طاقتوں کی توجہ کا مرکز ہے۔
واشنگٹن: (رائیٹ ناوٴ نیوز) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے گرین لینڈ کو امریکی سلامتی کے لیے اہم قرار دیا ہے۔ ان کے مطابق، آرکٹک خطے میں روس اور چین کی بڑھتی سرگرمیاں خطرہ بن سکتی ہیں، اور گرین لینڈ پر کنٹرول امریکی دفاعی حکمت عملی کا حصہ ہے۔
ماہرین کے مطابق گرین لینڈ کی جغرافیائی اہمیت اور اس میں چھپے نایاب معدنیات کے ذخائر بڑے ممالک کی توجہ کا مرکز ہیں۔ گرین لینڈ کے ذریعے نئے بحری راستوں تک رسائی حاصل کی جا سکتی ہے جو عالمی تجارت کے لیے اہم ہیں۔
گرین لینڈ کی برف سے ڈھکی زمین کے نیچے نایاب معدنیات کے ذخائر موجود ہیں، جو اسمارٹ فونز، الیکٹرک گاڑیوں، اور فوجی ہتھیاروں کی تیاری میں استعمال ہوتے ہیں۔ چین کی ان معدنیات پر اجارہ داری ہے جسے امریکا چیلنج کرنا چاہتا ہے۔
گرین لینڈ میں موجود تیل اور گیس کے ذخائر اس خطے کی معاشی تقدیر بدلنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ اس لیے امریکا، روس، اور چین تینوں اس جزیرے میں دلچسپی لے رہے ہیں۔














