پاکستان کرکٹ بورڈ نے آسٹریلیا کے دورہ پاکستان کی تصدیق کی ہے۔ یہ دورہ رواں ماہ کے آخر میں ہوگا اور تین میچوں کی ٹی 20 سیریز قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلی جائے گی۔
لاہور: (رائیٹ ناوٴ نیوز) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے آسٹریلوی ٹیم کے دورہ پاکستان کی تصدیق کردی ہے۔ یہ دورہ رواں ماہ کے آخر میں ہوگا جس میں پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان تین میچوں کی ٹی 20 سیریز قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلی جائے گی۔
سیریز کا آغاز 29 جنوری سے ہوگا، جبکہ دوسرا میچ 31 جنوری اور تیسرا یکم فروری کو کھیلا جائے گا۔ تینوں میچوں کے لیے ٹاس شام ساڑھے 5 بجے جبکہ میچ کا آغاز شام 6 بجے ہوگا۔
آسٹریلوی ٹیم 28 جنوری کو لاہور پہنچے گی۔ یہ سیریز آئندہ ماہ آئی سی سی مینز ٹی 20 ورلڈ کپ 2026 سے قبل دونوں ٹیموں کے لیے انتہائی اہمیت کی حامل ہے۔ پاکستان گروپ اے جبکہ آسٹریلیا گروپ بی میں شامل ہے۔
یہ آسٹریلیا کا مارچ 2022 کے بعد پاکستان کا تیسرا دورہ ہوگا۔ پی سی بی کے چیف آپریٹنگ آفیسر سمیر احمد نے کہا ہے کہ ہم آسٹریلیا کی ٹی 20 سیریز کی میزبانی کے لیے پُرجوش ہیں۔ یہ سیریز پاکستانی شائقینِ کرکٹ کے لیے سال کا شاندار آغاز ثابت ہوگی۔















