ہونڈا نے اپنے مشہور ‘H’ لوگو کا نیا ڈیزائن متعارف کرایا ہے جو 2027 سے الیکٹرک اور ہائبرڈ گاڑیوں کی نئی پہچان بنے گا۔
ٹوکیو: (رائیٹ ناوٴ نیوز) جاپانی کار ساز کمپنی ہونڈا نے اپنے مشہور زمانہ ‘H’ لوگو کا نیا ڈیزائن متعارف کرایا ہے جو ان کی نئی الیکٹرک اور ہائبرڈ گاڑیوں کی پہچان بنے گا۔ اس تبدیلی کے تحت ہونڈا 2027 سے اپنی نئی الیکٹرونک گاڑیوں کی سیریز پیش کرے گی۔
ہونڈا کا ‘H’ نشان پہلی بار 1963 میں متعارف ہوا تھا اور وقتاً فوقتاً تبدیلیوں سے گزرا ہے۔ کمپنی کے مطابق یہ نیا ڈیزائن محض ایک تبدیلی نہیں بلکہ ایک نئے عہد کی شروعات اور کمپنی کے مستقبل کے وژن کی عکاسی ہے۔
نیا لوگو ہونڈا کی آئندہ جینیریشن کی برقی گاڑیوں، خصوصاً ‘ہونڈا زیرو سیریز’ کے ساتھ تیار کیا گیا ہے۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ یہ علامت ان کے اس عزم کی نمائندگی کرتی ہے کہ وہ ‘نئے الیکٹرونک ماڈلز کو صفر سے تخلیق’ کر رہے ہیں۔
یہ لوگو دو کھلے ہوئے ہاتھوں کی شکل میں ڈیزائن کیا گیا ہے، جو کھلے پن، تعاون اور صارفین کی خدمت کے عزم کی علامت ہے۔ ہونڈا کا کہنا ہے کہ یہ ڈیزائن نقل و حرکت کے نئے امکانات پیدا کرنے کے لیے مسلسل جدت کی علامت ہے۔
ہونڈا نے اس تبدیلی کو اپنی ‘دوسری بنیاد’ قرار دیا ہے، جس کے ذریعے وہ خود کو تیزی سے بدلتی ہوئی عالمی آٹو انڈسٹری کے ساتھ ہم آہنگ کر رہی ہے۔















