عالمی منڈی میں قیمتوں کے اتار چڑھاؤ کے باعث حکومت پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں 15 جنوری سے 31 جنوری تک کمی کر سکتی ہے، جس سے متوسط طبقات پر مثبت اثر پڑے گا۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) عالمی منڈی میں قیمتوں کے اتار چڑھاؤ کے باعث حکومت نے آئندہ پندرہ روز کے لیے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا عندیہ دیا ہے۔ حکومت 15 جنوری سے 31 جنوری تک پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں فی لیٹر 4.50 روپے تک کمی کر سکتی ہے۔
ذرائع کے مطابق، موجودہ ٹیکس شرحوں کی بنیاد پر پیٹرول کی ایکس ڈپو قیمت میں تقریباً 4.50 روپے فی لیٹر اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں تقریباً 2.75 روپے فی لیٹر کمی متوقع ہے۔
اسی طرح مٹی کے تیل کی قیمت میں 1.80 روپے فی لیٹر اور لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت میں 2 روپے فی لیٹر کمی کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ اس وقت مٹی کے تیل کی ایکس ڈپو قیمت 177.88 روپے اور لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت 146.18 روپے فی لیٹر ہے۔
حکومتی اعداد و شمار کے مطابق، پیٹرول کی موجودہ ایکس ڈپو قیمت 253.17 روپے فی لیٹر ہے، جو ریٹیل سطح پر 254.40 روپے فی لیٹر سے زائد وصول کی جا رہی ہے۔ پیٹرول کی قیمتوں میں کمی کا براہِ راست اثر متوسط اور نچلے متوسط طبقے کے گھریلو بجٹ پر پڑے گا۔
ڈیزل کی موجودہ ایکس ڈپو قیمت 257.08 روپے فی لیٹر ہے، جو ممکنہ طور پر 254 روپے فی لیٹر تک گر سکتی ہے۔ ڈیزل مہنگائی بڑھانے والا ایندھن تصور کیا جاتا ہے کیونکہ یہ ٹرکوں، بسوں، ٹرینوں اور زرعی مشینری میں استعمال ہوتا ہے۔















