خالصتان تحریک کے رہنما پرم جیت سنگھ پما کو بھارتی ایجنٹوں سے خطرہ لاحق ہے، برطانوی انٹیلی جنس نے حفاظتی اقدامات کا مشورہ دیا ہے۔
لندن: (رائیٹ ناوٴ نیوز) خالصتان تحریک کے رہنما پرم جیت سنگھ پما کو بھارتی ایجنٹوں سے شدید خطرہ لاحق ہے۔ برطانوی انٹیلی جنس نے انہیں حفاظتی اقدامات کا مشورہ دیا ہے۔
پرم جیت سنگھ کو حالیہ دنوں میں مودی کے حامیوں سے تکرار کا سامنا کرنا پڑا جس کے بعد ان کی سکیورٹی خدشات میں اضافہ ہوا۔ برطانوی اخبار کے مطابق خطرات کی نوعیت اس قدر سنگین ہے کہ وہ اب لندن کے ساوتھ آل علاقے میں اپنے گھر میں مقیم نہیں رہے۔
پرم جیت سنگھ کینیڈا میں قتل ہونے والے خالصتانی رہنما ہردیپ سنگھ نجر کے قریبی ساتھی ہیں اور باقاعدگی سے لندن میں بھارتی ہائی کمیشن کے سامنے ہونے والے مظاہروں میں شریک ہوتے ہیں۔
پرم جیت سنگھ نے برطانوی پولیس کو کافی عرصے سے موصول ہونے والی دھمکیوں سے آگاہ کر رکھا تھا، تاہم ہردیپ سنگھ نجر کے قتل کے بعد پولیس نے معاملے کو سنجیدگی سے لینا شروع کیا۔
یاد رہے کہ نجر کے قتل کے بعد کینیڈین وزیراعظم جسٹن ٹروڈو نے بھارتی ایجنسیوں پر براہِ راست الزامات عائد کئے تھے۔















