شیکھر دھون نے انسٹاگرام پر صوفی شائن سے منگنی کا اعلان کیا۔
نئی دہلی: (رائیٹ ناوٴ نیوز) سابق بھارتی کرکٹر شیکھر دھون نے اپنی گرل فرینڈ صوفی شائن سے منگنی کا اعلان انسٹاگرام کے ذریعے کیا۔ شیکھر نے پیر کو ایک جذباتی پوسٹ میں مداحوں کو یہ خوشخبری دی۔
دھون نے پوسٹ میں لکھا کہ ‘مسکراہٹوں سے خوابوں تک کا سفر، ہم ہمیشہ کے لیے ایک ساتھ ہونے کا انتخاب کر رہے ہیں، ہماری منگنی پر ملنے والی محبت، دعاؤں اور نیک تمناؤں کے لیے شکر گزار ہوں’۔
بھارتی میڈیا کے مطابق شیکھر دھون اور صوفی شائن کافی عرصے سے ایک دوسرے کو ڈیٹ کر رہے تھے اور گزشتہ سال یکم مئی کو سوشل میڈیا پر اپنے رشتے کا اعتراف کیا تھا۔
صوفی شائن آئرلینڈ سے تعلق رکھنے والی پروڈکٹ کنسلٹنٹ ہیں اور اس وقت امریکی کمپنی نادرن ٹرسٹ کارپوریشن میں سیکنڈ وائس پریذیڈنٹ کے طور پر کام کر رہی ہیں۔
شیکھر دھون اور صوفی شائن کی شادی فروری میں متوقع ہے۔ شیکھر کی سابقہ بیوی عائشہ مکھرجی سے اکتوبر 2023 میں علیحدگی ہوئی تھی۔















