پاکستان میں 2025 کو گرم ترین سال قرار دیا گیا، درجہ حرارت 1.1 ڈگری بڑھا۔ یہ صورتحال زراعت، آبی وسائل اور صحت کے لیے خطرہ بن رہی ہے۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) پاکستان میں 2025 کو تاریخ کا گرم ترین سال قرار دیا گیا ہے، جس میں قومی سطح پر اوسط درجہ حرارت معمول سے 1.1 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ ریکارڈ کیا گیا۔ یہ انکشاف نجی ادارے ’ویدروالے‘ کی جانب سے پیش کی گئی پاکستان کی سالانہ درجہ حرارت جائزہ رپورٹ میں کیا گیا ہے، جو 1991 سے 2020 کے موسمیاتی معیار کے مقابلے میں مرتب کی گئی۔
رپورٹ کے مطابق یہ اضافہ محض وقتی رجحان نہیں بلکہ 1970 کی دہائی کے بعد سے جاری طویل المدتی حدت میں اضافے کا تسلسل ہے۔ 2016 میں ریکارڈ ہونے والا 1.0 ڈگری کا سابقہ ریکارڈ بھی 2025 میں ٹوٹ گیا، جب پورے سال کے دوران درجہ حرارت معمول سے مسلسل بلند رہا۔

ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ درجہ حرارت میں یہ مسلسل اضافہ زراعت، آبی وسائل اور عوامی صحت کے لیے سنجیدہ خطرات پیدا کر رہا ہے۔ شدید گرمی کے باعث فصلوں کی پیداوار متاثر ہونے، پانی کی دستیابی میں کمی اور ہیٹ اسٹریس کے واقعات میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ اگر فوری طور پر ماحولیاتی تحفظ، حدت میں کمی اور موافقتی اقدامات نہ کیے گئے تو مستقبل میں خوراک کی سلامتی، پانی کے ذخائر اور انسانی صحت پر دباؤ مزید بڑھ سکتا ہے۔














