ایران نے بعض ممالک کے بیانات کو داخلی معاملات میں مداخلت قراردے دیا

ایران کے وزیر خارجہ نے غیر ملکی بیانات کو اقوام متحدہ کے چارٹر اور ریاستی خودمختاری کی خلاف ورزی قرار دیا، کہتے ہیں کہ ایران اس معاملے کو بین الاقوامی فورمز پر اٹھانے کا حق محفوظ رکھتا ہے۔

RIGHTNOW NEWS
ویب ڈیسک
ایران نے بیرونی بیانات کو داخلی معاملات میں مداخلت قرار دیا

تہران: (رائیٹ ناوٴ نیوز) ایران کے وزیر خارجہ نے حالیہ احتجاج سے متعلق بعض ممالک کے بیانات کو اقوام متحدہ کے چارٹر، ریاستی خودمختاری اور بین الاقوامی اصولوں کی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔ انہوں نے یہ بات تہران میں غیر ملکی سفارتی مشنز کے سربراہان کے اجلاس میں کہی، جس کا مقصد ایران میں پیش آنے والے واقعات پر حکومتی مؤقف کی وضاحت تھا۔

وزیر خارجہ نے وضاحت کی کہ میٹنگ کا مقصد سفیروں کو ایران کے شہروں اور بازاروں میں پیش آنے والے واقعات کی اصل نوعیت سے آگاہ کرنا تھا، تاکہ غلط معلومات اور بیرونی بیانیے کی بنیاد پر غلط فہمی پیدا نہ ہو۔ انہوں نے مزید بتایا کہ 28 دسمبر 2025 کو پرامن احتجاج شروع ہوا، جو ایرانی آئین کے تحت جائز ہے۔ حکومت نے تاجروں اور معاشی نمائندوں سے مذاکرات کیے، جس کے نتیجے میں احتجاج میں کمی آئی۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ یکم سے 7 جنوری کے دوران احتجاج کے دوسرے مرحلے میں تشدد کا وقوع پذیر ہوا، مگر سکیورٹی فورسز نے تحمل کا مظاہرہ کیا۔ 8 سے 10 جنوری کے درمیان مسلح عناصر کی شمولیت کے بعد صورتحال سنگین ہوئی، اور پولیس و شہری نشانہ بنے۔

انہوں نے بتایا کہ بعض غیر ملکی بیانات نے پرتشدد عناصر کی حوصلہ افزائی کی، جو ایران کے داخلی معاملات میں مداخلت ہے۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ ایران ان بیانات کو بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی سمجھتا ہے اور اس معاملے کو بین الاقوامی فورمز پر اٹھانے کا حق محفوظ رکھتا ہے۔

دیگر متعلقہ خبریں