اسرائیل نے ایران میں مظاہرین کی حمایت کا اعلان کیا ہے، ایرانی حکومت پر دہشت گردی کا الزام عائد کیا۔
تل ابیب: (رائیٹ ناوٴ نیوز) اسرائیل نے ایران میں جاری مظاہرین کی حمایت کا اعلان کیا ہے۔ اسرائیلی وزیر خارجہ گیدون سار نے کہا ہے کہ ایران میں حکومت کے خلاف احتجاج کرنے والوں کی کامیابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہیں۔
اسرائیلی وزیر خارجہ نے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں کہا کہ ایرانی عوام آزادی کے مستحق ہیں اور ہماری ان سے کوئی دشمنی نہیں، مسئلہ صرف ایرانی حکومت کے ساتھ ہے جو دہشت گردی کی سب سے بڑی برآمدکنندہ ہے۔
اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے بھی کہا کہ ایرانی مظاہروں کا بغور مشاہدہ کر رہے ہیں اور مظاہروں میں معصوم شہریوں کے قتل کی مذمت کرتے ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ ایرانی قوم جلد ظلم سے آزاد ہوگی اور دونوں ممالک امن و خوشحالی کے لیے دوبارہ شراکت دار بن سکیں گے۔
امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو سے اسرائیلی وزیراعظم کی فون پر گفتگو میں ایران میں مظاہروں سمیت غزہ اور شام کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ایران میں گزشتہ 14 دنوں سے احتجاجی مظاہرے جاری ہیں اور ایرانی انسانی حقوق تنظیم کے مطابق دو ہفتے کے دوران 192 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ تاہم انٹرنیٹ کی بندش کی وجہ سے ہلاکتوں کی درست تعداد معلوم نہیں ہو پا رہی۔














