اسلام آباد ہائی کورٹ میں سابق آڈیٹر جنرل کی پینشن عدم ادائیگی پر توہین عدالت کیس کی سماعت ہوئی۔ عدالت نے آئندہ سماعت 30 مارچ تک ملتوی کر دی۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) اسلام آباد ہائی کورٹ میں سابق آڈیٹر جنرل آف پاکستان اختر بلند رانا کو عدالتی حکم کے باوجود پینشن کی عدم ادائیگی پر توہین عدالت کیس کی سماعت ہوئی۔ جسٹس محسن اختر کیانی نے کیس کی سماعت کی۔
عدالت کو آگاہ کیا گیا کہ اختر بلند رانا کو دسمبر 2025 کی ماہانہ پینشن ادا کر دی گئی ہے۔ عدالت میں جمع کرائی گئی رپورٹ کے مطابق اختر بلند رانا کے پینشن کے کُل بقایا جات کی رقم 24 ملین روپے ہے۔
اکاؤنٹنٹ جنرل پاکستان ریونیو کی جانب سے رپورٹ پیش کی گئی جس میں بقایا جات کی ادائیگی کے لیے ایک ماہ کا وقت مانگا گیا۔ جسٹس محسن اختر کیانی نے ہدایت دی کہ بقایا جات ادا کر کے آئندہ سماعت پر رپورٹ عدالت میں پیش کریں۔ عدالت نے کیس کی سماعت 30 مارچ تک ملتوی کر دی۔














