حکومت نے بجلی کے اوسط بنیادی ٹیرف میں اضافہ نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے، سبسڈی ایڈجسٹ کر لی گئی ہے۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) حکومت نے بجلی کے صارفین کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے بجلی کے اوسط بنیادی ٹیرف میں اضافہ نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ایڈیشنل سیکرٹری پاور ڈویژن نے نیپرا میں سماعت کے دوران بتایا کہ سبسڈی کو ایڈجسٹ کر لیا گیا ہے، جس کے بعد ٹیرف میں اضافے کی ضرورت نہیں رہی۔
پاور ڈویژن حکام کے مطابق جولائی سے انرجی مکس میں نمایاں تبدیلی آئی ہے، جس کے اثرات بجلی کی مجموعی لاگت پر پڑے ہیں۔ حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ صارفین پر اضافی بوجھ نہیں ڈالا جائے گا اور بجلی کے نرخ موجودہ سطح پر برقرار رہیں گے۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ مختلف کیٹیگریز کے صارفین کو 629 ارب روپے کی سبسڈی دی جا رہی ہے۔ پاور ڈویژن نے نیپرا سے درخواست کی کہ وہ حکومت کی درخواست پر جلد فیصلہ کرے تاکہ پالیسی پر بروقت عملدرآمد ممکن ہو سکے۔















