لاہور فتح کرنے نہیں بلکہ 8 فروری کے حوالے سے تحریک چلانے کے لیے آئے ہیں۔ آئین کو جمہوری اور غیر جمہوری قوتوں نے توڑا ہے جس کے باعث ملک مشکلات کا شکار ہے۔
لاہور: (رائیٹ ناوٴ نیوز) تحریک تحفظ آئین پاکستان کے سربراہ محمود اچکزئی نے لاہور میں نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ پانچ بڑوں میں سے صرف چار کو تسلیم کرتے ہیں اور ان ہی کی وجہ سے پانچواں بڑا سامنے آیا۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ لاہور فتح کرنے نہیں بلکہ آٹھ فروری کے حوالے سے تحریک چلانے کے لیے آئے ہیں۔
محمود اچکزئی نے کہا کہ آئین کو جمہوری اور غیر جمہوری قوتوں نے توڑا ہے اور ملک مشکلات کا شکار ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جو شخص آئین کے ساتھ یا اپنا حق لینا چاہتا ہے، اسے دہشتگرد بنا دیا جاتا ہے۔
انہوں نے سوال کیا کہ نو مئی کو کور کمانڈر ہاؤس کھلا کیوں تھا اور بانی پی ٹی آئی کا جوڈیشل کمیشن بنانے کا مطالبہ کیوں نہیں مانا گیا۔ انہوں نے کہا کہ چیف جسٹس کا کسی سیاسی جماعت کا نشان چھین لینا تاریخ میں کبھی نہیں ہوا۔
محمود اچکزئی نے مزید کہا کہ یہ خطہ خطرناک جنگ کی طرف بڑھ رہا ہے اور پارلیمنٹ میں اس پر کوئی بحث نہیں ہوئی کہ ہمارے اردگرد کیا ہو رہا ہے۔













