بھارتی پولیس نے جموں و کشمیر میں پاکستانی جاسوسی کے الزام میں ایک کبوتر کو گرفتار کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔
جموں و کشمیر: (رائیٹ ناوٴ نیوز) بھارتی پولیس نے جموں و کشمیر کے اکھنور سیکٹر میں لائن آف کنٹرول کے قریب ایک سرحدی گاؤں سے مبینہ طور پر پاکستان کے لیے جاسوسی کرنے والے کبوتر کو گرفتار کر لیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ کبوتر کو ایک مقامی بچے نے پکڑا، جس کے پروں پر سیاہ پٹیاں اور پاؤں میں سرخ و زرد انگوٹھیاں تھیں۔ ان انگوٹھیوں پر ‘رحمت سرکار رضوان 2025’ اور عددی کوڈ درج ہیں، جن کی بنیاد پر کبوتر کو مشتبہ قرار دیا گیا ہے۔
تحقیقات کے لیے کبوتر کو مقامی پولیس اسٹیشن منتقل کر دیا گیا ہے تاکہ یہ جانچا جا سکے کہ آیا یہ سرحد پار سے آیا ہے اور کسی جاسوسی سرگرمی میں ملوث ہے یا نہیں۔
ماضی میں بھی اس نوعیت کے کبوتروں کو بھارتی سیکیورٹی ادارے تحویل میں لے چکے ہیں، جن پر مبینہ جاسوسی کے الزامات لگائے گئے تھے۔ تاہم، ایسے واقعات پر سوشل میڈیا اور عالمی سطح پر تنقید بھی کی جاتی رہی ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ تحقیقات مکمل ہونے پر ہی کبوتر کے بارے میں حتمی فیصلہ لیا جائے گا۔














