پی ٹی اے نے موبائل صارفین کو جعلی کالز اور یو اے این نمبروں سے محتاط رہنے کی ہدایت دی ہے تاکہ ان کی ذاتی معلومات محفوظ رہے۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے موبائل صارفین کو جعلی کالز اور یو اے این نمبروں سے محتاط رہنے کی ہدایت کی ہے۔ پی ٹی اے نے سوشل میڈیا پر پیغام جاری کرتے ہوئے کہا کہ اسکیمرز پی ٹی اے، ایف آئی اے اور بینکوں کی نقالی کر کے صارفین کی ذاتی اور مالی معلومات چرانے کی کوشش کر رہے ہیں۔
اتھارٹی نے واضح کیا کہ کوئی سرکاری ادارہ او ٹی پی، پن، شناختی کارڈ یا بائیو میٹرک معلومات کال یا میسج پر طلب نہیں کرے گا۔ پی ٹی اے نے موبائل صارفین کو چوکنا رہنے اور معلومات کی تصدیق کیلئے صرف سرکاری چینلز استعمال کرنے کی تاکید کی ہے۔
پیغام میں مزید کہا گیا کہ کسی دوسرے کے نام پر رجسٹرڈ سم کا استعمال متعلقہ ضوابط کی خلاف ورزی ہے اور اس سے بچنے کی ضرورت ہے۔














