نئی تحقیق کے مطابق نزلہ زکام مردوں اور عورتوں پر مختلف اثرات ڈال سکتا ہے، جس کی وجہ ہارمونز کا مختلف کردار ہے۔
کراچی: (رائیٹ ناوٴ نیوز) سرد موسم کے آغاز کے ساتھ ہی نزلہ زکام اور فلو تیزی سے پھیل رہا ہے۔ نئی تحقیق کے مطابق نزلہ زکام مردوں اور عورتوں پر مختلف اثرات ڈال سکتا ہے۔
ماہرین کے مطابق خواتین کا مدافعتی نظام وائرس کے خلاف تیزی سے ردعمل دیتا ہے، جس میں ایک اہم کردار ایسٹروجن ہارمون کا ہوتا ہے۔ ایسٹروجن مدافعتی خلیات کی سرگرمی اور اینٹی باڈیز کی پیداوار میں اضافہ کرتا ہے، مگر اس کے نتیجے میں جسم میں سوزش بھی بڑھ جاتی ہے، جس کے باعث عورتوں کو زیادہ تھکن، بدن درد اور سر درد کی شکایات ہو سکتی ہیں۔
مردوں میں موجود ہارمون ٹیسٹوسٹیرون جسم کی سوزش کو کم کرتا ہے، جس کی وجہ سے علامات شروع میں ہلکی محسوس ہوتی ہیں۔ تاہم بعض اوقات مردوں کو تیز بخار ہو جاتا ہے کیونکہ ٹیسٹوسٹیرون دماغ کے درجہ حرارت کنٹرول کرنے والے حصے کو متاثر کرتا ہے۔
تحقیقی مشاہدات سے یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ خواتین میں نزلہ زکام کی شدت وقت کے ساتھ زیادہ محسوس ہوتی ہے، جبکہ مردوں میں علامات ابتدا میں ہلکی ہوتی ہیں لیکن جلدی شدت اختیار کر لیتی ہیں۔ ذہنی دباؤ بھی بیماری کو بڑھا سکتا ہے، خواتین میں دباؤ زیادہ ہوتا ہے، اس لیے ان کی علامات دیر سے ختم ہوتی ہیں۔















