پنجاب میں 10 تا 16 جنوری شدید سردی کی پیشگوئی

پی ڈی ایم اے نے پنجاب میں 10 تا 16 جنوری شدید سردی کی پیشگوئی کی ہے اور عوام کو غیر ضروری سفر سے بچنے کی ہدایت دی ہے۔

RIGHTNOW NEWS
ویب ڈیسک
پنجاب میں 10 تا 16 جنوری شدید سردی کی پیشگوئی

لاہور: (رائیٹ ناوٴ نیوز) پنجاب میں 10 سے 16 جنوری تک شدید سردی کی پیشگوئی کی گئی ہے، پی ڈی ایم اے نے عوام اور سیاحوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے اور حفاظتی ہدایات پر عمل کرنے کی تاکید کی ہے۔

پی ڈی ایم اے نے متعلقہ محکموں کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت کی ہے، جن میں سیاحت، تعلیم، صحت، زراعت، مقامی حکومت، جنگلات، مواصلات، ٹرانسپورٹ، ریسکیو 1122، نیشنل ہائی وے اتھارٹی اور پولیس شامل ہیں۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق راولپنڈی، مری، گلیات اور پٹھوہار بیلٹ میں شدید سردی اور برفباری متوقع ہے جبکہ پنجاب کے مختلف علاقوں میں دھند اور سموگ میں اضافہ ہوگا۔

ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے یونیورسٹیوں، کالجوں اور دیگر تعلیمی اداروں کو طلباء کے لیے مناسب سرمائی لباس کی ہدایات جاری کرنے اور کلاس رومز میں انتظامات کرنے کی ہدایت کی ہے۔

تمام ہسپتالوں، خاص طور پر بنیادی صحت کے یونٹس کو ادویات اور عملے کی دستیابی یقینی بنانے کی تاکید کی گئی ہے۔ عوام کو غیر ضروری باہر نکلنے سے پرہیز کرنے اور سموگ کے دوران ماسک استعمال کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

سیاحوں کو خاص ہدایات دی گئی ہیں کہ حفاظتی ہدایات پر سختی سے عمل کریں اور مری میں مختلف مقامات پر سہولت مراکز قائم کیے گئے ہیں۔ مسافروں کو رفتار میں کمی، اچانک بریک سے پرہیز، دھند کی بتیوں کا استعمال کرنے اور حفاظتی پروٹوکولز پر عمل کرنے کی تاکید کی گئی ہے۔ پی ڈی ایم اے کنٹرول روم صورتحال کی نگرانی کر رہا ہے۔ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں شہری پی ڈی ایم اے ہیلپ لائن 1129 پر رابطہ کر سکتے ہیں۔

دیگر متعلقہ خبریں