بھارت میں شوہر کے گنج پن اور دیگر معلومات چھپانے پر خاتون نے ایف آئی آر درج کرائی، شادی کے بعد معلوم ہوا کہ شوہر کے تعلیمی اور معاشی دعوے جھوٹے تھے۔
نئی دہلی: (رائیٹ ناوٴ نیوز) بھارت میں ایک خاتون نے اپنے شوہر اور سسرالیوں کے خلاف ایف آئی آر درج کرائی ہے، جس میں ان پر گنج پن چھپانے اور دیگر دھوکہ دہی کے الزامات عائد کیے گئے ہیں۔ خاتون لویکا گپتا نے بسراکھ پولیس اسٹیشن میں رپورٹ درج کرائی کہ ان کی شادی 16 جنوری 2024 کو سنیام جین سے ہوئی تھی۔
خاتون نے الزام لگایا کہ سنیام جین اور ان کے خاندان نے شادی سے قبل شوہر کے ظاہری دِکھنے، تعلیمی اور معاشی احوال سے متعلق معلومات چھپائیں۔ ایف آئی آر میں بتایا گیا کہ شادی کے بعد انہیں معلوم ہوا کہ ان کے شوہر صرف 12ویں پاس ہیں جبکہ بائیو ڈیٹا میں بی کام کی ڈگری درج تھی اور 18 لاکھ بھارتی روپے آمدنی کا دعویٰ بھی جھوٹا تھا۔
مزید بتایا گیا کہ سنیام جین کے گنج پن کو چھپانے کے لیے وِگ استعمال کی گئی اور شوہر نے بیرون ملک سفر کے دوران خاتون کو زد و کوب کیا اور بھارت بھنگ لانے کے لیے دباؤ ڈالا۔














