سابق سینیٹر مشتاق احمد نے نئی سیاسی جماعت کا اعلان کیا، جس کا مقصد آئینی بالادستی اور سماجی انصاف کی جدوجہد ہے۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) سابق سینیٹر مشتاق احمد خان نے نئی سیاسی جماعت ‘پاکستان رائٹس موومنٹ’ کے قیام کا اعلان کر دیا ہے، جس کی تقریب وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں ایک نجی ہوٹل میں منعقد ہوئی۔ اس تقریب میں جماعت کی مرکزی قیادت، کارکنان اور مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔
مشتاق احمد خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان رائٹس موومنٹ 1973 کے آئین کے اصولوں کے مطابق سیاست کرے گی اور آئینی بالادستی کو یقینی بنانے کے لیے جدوجہد کرے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ موجودہ نظام میں عام آدمی اپنے بنیادی حقوق سے محروم ہے، اس لیے جماعت برابری، انصاف اور عوامی خدمت کو اپنی سیاست کا محور بنائے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ جماعت کا مقصد چند مخصوص طبقات کی اجارہ داری کا خاتمہ اور سماجی و معاشی انصاف کا قیام ہے۔ پاکستان رائٹس موومنٹ فوری انصاف، آزادیٔ اظہار، معیاری تعلیم، صحت کی سہولیات، غربت اور کرپشن کے خاتمے، ماورائے عدالت قتل اور ملٹری آپریشنز کے خاتمے کے لیے جدوجہد کرے گی۔
مشتاق احمد خان نے موجودہ پارلیمانی نظام کو جعلی قرار دیتے ہوئے کہا کہ ملک میں صحافت اور اظہارِ رائے پر پابندیاں ہیں، جبکہ بے روزگاری، مہنگائی، غذائی عدم تحفظ، منشیات کا پھیلاؤ، ماحولیاتی آلودگی اور کرپشن جیسے مسائل سنگین شکل اختیار کر چکے ہیں۔















