کراچی میں بلاول بھٹو کے وعدے کے مطابق ترقیاتی منصوبے جاری ہیں، ضلعِ غربی میں 182 ملین روپے کی لاگت سے سڑک بحالی منصوبے کا آغاز کر دیا گیا۔
کراچی: (رائیٹ ناوٴ نیوز) میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ بلاول بھٹو کے وعدے کے مطابق کراچی میں ترقیاتی کام جاری ہیں اور ضلعِ غربی میں 182 ملین روپے کی لاگت سے سڑک بحالی منصوبے کا آغاز کر دیا گیا۔
مرتضیٰ وہاب نے ضلعِ غربی میں بابِ خیبر تا سیکٹر 4 اورنگی کی سڑک کی تعمیر کا سنگ بنیاد رکھتے ہوئے کہا کہ یہ منصوبہ شہر کے انفراسٹرکچر کی بہتری کے لیے اہم ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسفالٹ اور ایگریگیٹ بیس کورس کی تعمیر کے ساتھ نکاسی آب کے مسائل کے حل کے لیے ڈرین سسٹم بھی شامل کیا گیا ہے۔
مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ اورنگی ٹاؤن میں سڑکوں کی بحالی سے عوام کو ریلیف ملے گا اور کراچی کے ہر علاقے میں بلا امتیاز ترقیاتی کام یقینی بنایا جائے گا۔ شہری سہولیات کی بہتری کے لیے ترقیاتی منصوبوں پر تیزی سے کام جاری ہے۔















