وزیراعظم نے ڈاکٹر کبیر سدھو کو چیئرمین ایس ای سی پی مقرر کر دیا، انہیں قانونی و ریگولیٹری شعبے میں وسیع تجربہ حاصل ہے۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) وزیراعظم نے ڈاکٹر کبیر احمد سدھو کو چیئرمین سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) مقرر کر دیا۔ ڈاکٹر کبیر سدھو اس وقت چیئرمین کمپٹیشن کمیشن آف پاکستان کے فرائض انجام دے رہے ہیں۔ انہیں برطانیہ اور پاکستان میں 20 سال سے زائد قانونی و ریگولیٹری تجربہ حاصل ہے۔
ڈاکٹر کبیر سدھو یونیورسٹی آف مانچسٹر سے پی ایچ ڈی ہیں اور قانون و بینکنگ کے ماہر ہیں۔ ان کی ڈاکٹریٹ اسٹاک ایکسچینجز ریگولیشنز اور سرمایہ کاروں کے تحفظ پر ہے۔ انہوں نے برطانیہ میں انشورنس کمپنیوں، لا فرمز اور مالیاتی اداروں کے ساتھ خدمات انجام دیں۔
ڈاکٹر سدھو نے وزارتِ قانون اور پرائیویٹائزیشن کمیشن میں سینئر لیگل کنسلٹنٹ کے طور پر بھی خدمات انجام دی ہیں۔ ان کے دور میں کمپٹیشن کمیشن نے عدالتی بیک لاگ میں 70 فیصد کمی کی اور دو برس میں 567 میں سے 434 مقدمات کے فیصلے ہوئے۔
ڈاکٹر سدھو کے دور میں سی سی پی نے 1.36 ارب روپے جرمانے ریکور کیے اور کارٹلز اور گمراہ کن مارکیٹنگ کے خلاف ایک ارب روپے سے زائد کے نئے جرمانے عائد کیے۔ پی ٹی سی ایل – ٹیلی نار مرجر پر ان کے متوازن اور شفاف فیصلے کو بین الاقوامی سطح پر سراہا گیا۔















