سندھ میں 9,193 ترقیاتی منصوبے مکمل، صحت، تعلیم، زراعت سمیت مختلف شعبوں میں کام جاری۔
کراچی: (رائیٹ ناوٴ نیوز) سینئر وزیر سندھ شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ صوبے میں 9,193 ترقیاتی منصوبے مکمل کیے جا چکے ہیں۔
شرجیل میمن کے مطابق، سندھ میں کل 13,000 سے زائد منصوبے شروع کیے گئے تھے جن میں سے 9,193 منصوبے مکمل ہو چکے ہیں۔ ان منصوبوں میں صحت، تعلیم، زراعت، سڑکیں، آبپاشی اور سماجی منصوبے شامل ہیں، جن پر 367 ارب روپے کی غیر ملکی امداد اور 76 ارب روپے وفاقی پی ایس ڈی پی کے تحت خرچ کیے گئے ہیں۔
شرجیل میمن نے مزید کہا کہ سندھ حکومت کا ترقیاتی وژن صرف منصوبوں کا آغاز نہیں بلکہ بروقت تکمیل اور معیار کی پاسداری کو یقینی بنانا بھی ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ نئے منصوبے تب شروع کیے جائیں جب موجودہ منصوبے مکمل ہوں۔
کراچی نیبرہڈ امپروومنٹ پروجیکٹ کے تحت سڑکوں، پارکوں، نکاسی، سیوریج اور سٹریٹ لائٹنگ کے کام مکمل کیے جا چکے ہیں، جس سے شہری معیار زندگی میں واضح بہتری آئی ہے۔
شرجیل میمن نے کہا کہ سندھ میونسپل سروسز ڈلیوری پروگرام کے تحت جیکب آباد اور دیگر شہروں میں پانی کی فراہمی، فضلہ اور ویسٹ واٹر مینجمنٹ میں بہتری لائی گئی ہے، اور ہر منصوبے کی بروقت تکمیل، معیار کی حفاظت اور عوام کے لیے ثمرات ہی ترقی کی اصل کامیابی ہے۔















