پاکستان نے ایران سفر کے لیے احتیاطی ہدایات جاری کر دی

پاکستان نے ایران کی موجودہ صورتحال کے پیش نظر شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت کی ہے۔

RIGHTNOW NEWS
ویب ڈیسک
پاکستان نے ایران سفر کے لیے احتیاطی ہدایات جاری کر دی

اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) حکومت پاکستان نے ایران کی موجودہ صورتحال کے پیش نظر اپنے شہریوں کے لیے ٹریول ایڈوائزری جاری کردی ہے، جس میں ایران کے غیر ضروری سفر سے گریز کی ہدایت کی گئی ہے۔ ایران میں موجود پاکستانیوں کو انتہائی احتیاط برتنے اور اپنی نقل و حرکت محدود رکھنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔

دفتر خارجہ کی جانب سے جاری کردہ ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ شہری ایران کے غیر ضروری سفر سے اجتناب کریں اور صورتحال معمول پر آنے تک سفر مؤخر کر دیں۔

ایران میں مقیم پاکستانی شہری کسی بھی ہنگامی صورتحال میں پاکستانی سفارتی عملے سے رابطہ کر سکتے ہیں۔ تہران میں پاکستانی سفارت خانے نے شہریوں کی سہولت کے لیے کرائسس مینجمنٹ یونٹ بھی قائم کر دیا ہے۔

تہران میں سفیرِ پاکستان مدثر ٹیپو کے مطابق پاکستانی شہریوں کی معاونت کے لیے چوبیس گھنٹے رابطہ ممکن ہے اور اس مقصد کے لیے متعلقہ عہدیداروں کے رابطہ نمبرز فراہم کر دیے گئے ہیں۔

ایران میں جاری پرتشدد مظاہروں کے دوران ہلاکتوں کی تعداد بڑھ کر 217 ہو گئی ہے، اور مختلف شہروں میں سرکاری و نجی املاک کو نقصان پہنچا ہے، جس کے باعث انٹرنیٹ سروس بھی معطل کر دی گئی ہے۔

دیگر متعلقہ خبریں