نیدرلینڈز میں سائنس دانوں نے بھاری سامان منتقل کرنے والا نیا ڈرون سسٹم بنایا

نیدرلینڈز کی جامعہ ٹی یو ڈیلفٹ کے سائنس دانوں نے ایک الگورتھم تیار کیا ہے جو متعدد خودکار ڈرونز کو مشکل حالات میں بھاری سامان منتقل کرنے کی صلاحیت دیتا ہے۔

RIGHTNOW NEWS
ویب ڈیسک
نیدرلینڈز میں سائنس دانوں نے بھاری سامان منتقل کرنے والا نیا ڈرون سسٹم بنایا

نیدرلینڈز: (رائیٹ ناوٴ نیوز) نیدرلینڈز کی جامعہ ٹی یو ڈیلفٹ کے سائنس دانوں نے ایک ایسا نیا الگورتھم تیار کیا ہے جس کی مدد سے متعدد خودکار ڈرونز بھاری سامان کوتیز ہواؤں اور مشکل موسمی حالات میں بھی کنٹرول اور منتقل کر سکتے ہیں۔ اس تحقیق کے نتائج سائنسی جریدے میں شائع کیے گئے ہیں۔

موجودہ ڈرونز کی محدود وزن اٹھانے کی صلاحیت کے باعث دور دراز علاقوں میں تعمیراتی سامان پہنچانا یا ریسکیو مشنز میں ان کا استعمال مشکل ہوتا ہے۔ ٹی یو ڈیلفٹ کے ماہرین نے ایسا نظام بنایا ہے جہاں متعدد ڈرونز کیبلز کے ذریعے ایک ہی وزن سے منسلک ہو کر مشترکہ طور پر کام کرتے ہیں۔

ٹی یو ڈیلفٹ کے روبوٹکس محقق سی ہاؤ سن نے کہا ہے کہ اصل چیلنج ڈرونز کے درمیان ہم آہنگی ہے۔ ڈرونز کو ایک دوسرے کی حرکت اور بیرونی عوامل جیسے تیز ہوا پر فوری ردعمل دینا ہوتا ہے، جو روایتی کنٹرول سسٹمز کے لیے ممکن نہیں۔

نئے الگورتھم کی خاصیت ہے کہ یہ تیز، لچکدار اور مضبوط ہے، اور وزن پر کسی اضافی سینسر کے بغیر بیرونی دباؤ کے مطابق خود کو ایڈجسٹ کر لیتا ہے، جس سے نظام کو عملی حالات میں استعمال کرنا آسان ہو جاتا ہے۔

ماہرین نے لیبارٹری میں تجربات کے دوران چار ڈرونز کا استعمال کیا اور پایا کہ انہوں نے کامیابی سے وزن کو کنٹرول کیا اور مقررہ مقام تک پہنچایا۔ یہ ڈرونز مکمل طور پر خودکار ہیں اور منزل بتانے پر خود ہی راستے کی رکاوٹوں اور ماحولیاتی اثرات کو سنبھالتے ہیں۔

مستقبل میں یہ ٹیکنالوجی ریسکیو آپریشنز، زراعت، دور دراز تعمیراتی منصوبوں اور آف شور ونڈ ٹربائنز کی دیکھ بھال میں استعمال کی جا سکتی ہے۔

دیگر متعلقہ خبریں