وفاقی حکومت کا کوکنگ آئل مافیا کے خلاف فوری تحقیقات کا حکم

وفاقی حکومت نے کوکنگ آئل اور گھی انڈسٹری میں کارٹلائزیشن کے الزامات پر فوری تحقیقات کا حکم دیا، کمپیٹیشن کمیشن سے رپورٹ طلب کی گئی۔

RIGHTNOW NEWS
ویب ڈیسک
وفاقی حکومت کا کوکنگ آئل مافیا کے خلاف فوری تحقیقات کا حکم

اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) وفاقی حکومت نے کوکنگ آئل اور گھی انڈسٹری میں مبینہ کارٹلائزیشن کے الزامات کی فوری تحقیقات کی ہدایت جاری کی ہے۔ نیشنل پرائس مانیٹرنگ کمیٹی کے اجلاس میں کمپیٹیشن کمیشن آف پاکستان سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ ابتدائی رپورٹ اگلے اجلاس میں پیش کرے۔

اجلاس میں کمیٹی نے نوٹ کیا کہ کوکنگ آئل کے غیر معیاری معیار کی وجہ سے صحت کے مسائل بڑھ رہے ہیں، اس لیے متعلقہ وفاقی وزارتوں اور صوبائی محکموں کو اس مسئلے کو سنجیدگی سے لینے کی ہدایت دی گئی ہے۔ کمیٹی نے 25 جولائی 2025 کو اکنامک کوآرڈینیشن کمیٹی کے فیصلے کے تحت کوکنگ آئل کی قیمتوں کے رجحان کا بھی جائزہ لیا۔

کمپیٹیشن کمیشن نے اجلاس کو آگاہ کیا کہ پام آئل اور گھی کے شعبے میں مبینہ کارٹلائزیشن کی تحقیقات نومبر 2025 میں شروع ہوئی ہیں اور متعلقہ ڈیٹا اکٹھا کیا جا رہا ہے۔ چند ماہ میں ابتدائی رپورٹ مکمل کرلی جائے گی۔

کمیٹی نے فیصلہ کیا کہ وزارتِ صنعت و پیداوار، وزارتِ سائنس و ٹیکنالوجی اور پاکستان اسٹینڈرڈز اینڈ کوالٹی کنٹرول اتھارٹی کے تعاون سے صوبائی حکومتوں کے ساتھ مل کر ملک میں کوکنگ آئل اور گھی کے معیار پر عملدرآمد یقینی بنائے اور اگلے اجلاس میں رپورٹ پیش کرے۔

اجلاس میں یہ بھی اتفاق کیا گیا کہ وزارتِ قومی غذائی تحفظ اور وزارتِ منصوبہ بندی کا فوڈ اینڈ ایگریکلچر سیکشن ایک پالیسی پیپر تیار کرے، جس میں چائے، خوردنی تیل، دالیں، جوسز اور دیگر زرعی مصنوعات کی حوصلہ افزائی کے امکانات شامل ہوں، تاکہ درآمدی بل کم کیا جا سکے اور زرمبادلہ کی بچت ہو۔ اس میں پراسیسڈ فوڈ پر سیلز ٹیکس کے اثرات کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔

کمیٹی نے فیصلہ کیا کہ پاکستان بیورو آف اسٹیٹسٹکس اضلاع کی سطح پر قیمتوں کے کنٹرول سے متعلق ہفتہ وار یا ماہانہ رپورٹ تیار کرے گا، تاکہ متعلقہ وزارتیں اور صوبے قیمتوں پر مؤثر کنٹرول کر سکیں۔

دیگر متعلقہ خبریں