ایران سبسڈی اصلاحات کے تحت قیمتوں میں اضافہ ہوا، بعض دکانداروں نے احتجاج کیا جسے حکومت نے جائز قرار دیا ہے۔
تہران: (رائیٹ ناوٴ نیوز) ایران کے سفیر رضا امیری مقدم نے کہا ہے کہ ایران سبسڈی نظام کی ازسرنو تشکیل کے لیے جامع معاشی اصلاحات پر عمل کر رہا ہے، جن کا مقصد عوامی فلاح اور سماجی انصاف کو یقینی بنانا ہے۔ ان اصلاحات کے نتیجے میں قیمتوں میں اضافہ ہوا جس پر بعض دکانداروں اور کاروباری حلقوں نے پرامن اور قانونی احتجاج کیا، جسے حکومت نے جائز قرار دیا ہے۔
سفیر کے مطابق، کچھ شرپسند عناصر اور غیر ملکی پشت پناہی رکھنے والے گروہوں نے احتجاجات کو تشدد کی طرف موڑنے کی کوشش کی، جس میں املاک کو نقصان پہنچایا گیا اور سرکاری اداروں پر حملے ہوئے۔
انہوں نے کہا کہ امریکی صدر اور صہیونی حکومت کے وزیر اعظم کی جانب سے ان شرپسند عناصر کی حمایت بین الاقوامی قوانین کے منافی ہے۔ سفیر نے واضح کیا کہ ایران کی اکثریتی عوام ریاست، قومی وحدت اور سکیورٹی اداروں کے ساتھ کھڑی ہیں۔
رضا امیری مقدم نے کہا کہ ایران نے ماضی میں بھی ایسے چیلنجز کا سامنا کیا ہے اور ہر بار وقار کے ساتھ سرخرو ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ انقلاب اسلامی کے رہبر آیت اللہ سید علی خامنہ ای کی قیادت میں یہ سازش بھی ناکام بنائی جائے گی۔












