ایران کے سپریم لیڈر نے امریکی صدر پر شدید تنقید کرتے ہوئے عالمی حکمرانوں کو تاریخ سے سبق سیکھنے کی نصیحت کی۔
تہران: (رائیٹ ناوٴ نیوز) ایران کے سپریم لیڈر امام آیت اللہ علی خامنہ ای نے آج اپنے خطاب میں امریکی صدر پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ تاریخ اس بات کی گواہ ہے کہ غرور اور تکبر میں مبتلا حکمران ہمیشہ اپنے انجام کو پہنچے۔ انہوں نے فرعون، نمرود اور ایران کے سابق بادشاہ محمد رضا پہلوی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ یہ تمام حکمران اپنے اقتدار کے عروج پر تھے، مگر جب حد سے بڑھے تو زوال ان کا مقدر بنا۔ انہوں نے کہا کہ آج کے امریکی صدر کو بھی یہ حقیقت ذہن میں رکھنی چاہیے کہ طاقت اور غرور ہمیشہ قائم نہیں رہتے اور انجام سب کے سامنے ہوتا ہے۔
امام خامنہ ای نے کہا کہ امریکا نے لاطینی امریکا کے ایک ملک کا محاصرہ کیا اور کھلے عام اعتراف کیا کہ یہ اقدامات تیل کے لیے کیے گئے۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکا کو اس بات پر بھی شرمندگی محسوس نہیں ہو رہی کہ وہ وسائل کے لیے کھلی جارحیت کا اعلان کر رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ رات تہران اور دیگر شہروں میں کچھ تخریب کار عناصر نے اپنے ہی ملک کی عمارتوں کو نقصان پہنچایا تاکہ امریکی صدر کو خوش کیا جا سکے۔ امام خامنہ ای کے مطابق امریکی صدر نے یہ بیان دیا کہ اگر ایرانی حکومت فلاں اقدامات کرے تو وہ ہنگامہ آرائی کرنے والوں کا ساتھ دیں گے، اور یہی عناصر اپنی امیدیں بیرونی طاقتوں سے وابستہ کیے ہوئے ہیں۔
سپریم لیڈر نے 12 روزہ جنگ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس دوران ایک ہزار سے زائد ایرانی شہری شہید ہوئے، اور امریکی صدر نے خود اس کارروائی کا حکم دینے کا اعتراف کیا، جس سے واضح ہوتا ہے کہ ایرانی عوام کے خون کی ذمہ داری اسی پر عائد ہوتی ہے، جبکہ اب وہ ایرانی قوم کا حامی بننے کا دعویٰ کر رہا ہے۔
امام خامنہ ای نے واضح کیا کہ اسلامی جمہوریہ ایران، جو کئی لاکھ معزز شہریوں کی قربانیوں سے قائم ہوئی، تخریب اور بیرونی دباؤ کے سامنے کبھی پیچھے نہیں ہٹے گی۔ انہوں نے کہا کہ ایرانی عوام غیر ملکی طاقتوں کے آلہ کار بننے والوں کو برداشت نہیں کریں گے۔
خطاب میں کہا گیا کہ آج ایران انقلاب سے پہلے کے مقابلے میں زیادہ منظم، مسلح اور مضبوط ہے، اور روحانی طاقت کے ساتھ ساتھ دفاعی صلاحیتیں بھی کہیں زیادہ ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکا آج بھی ایران کے بارے میں غلط اندازے لگا رہا ہے، اور ماضی کی طرح اس بار بھی اس کی ناقص منصوبہ بندی ناکامی پر منتج ہوگی۔
آخر میں امام خامنہ ای نے کہا کہ خدا کے فضل سے جلد ایرانی قوم کے دلوں میں فتح اور کامیابی کا احساس پیدا ہوگا۔












