پاکستانی نژاد امریکی کاروباری شخصیت فواد سرور نے پی ایس ایل میں حیدرآباد کی فرنچائز خرید لی، ہوم سٹی حیدرآباد (سندھ) ہوگا۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے توسیعی مرحلے میں حیدرآباد کی شمولیت اہم سنگ میل ثابت ہوئی جب پاکستانی نژاد امریکی کاروباری شخصیت فواد سرور نے اپنے آبائی شہر کی پی ایس ایل فرنچائز خرید لی۔
فواد سرور، جو امریکا کے شہر ٹیکساس میں مقیم ہیں، ایف کے ایس (Kingsmen) گروپ کے بانی اور مالک ہیں، یہ گروپ کرکٹ میں سرگرم ہے اور شکاگو کنگزمین ٹیم کا بھی مالک ہے جو 2024 کی چیمپیئن رہی۔
فواد سرور نے تصدیق کی کہ فرنچائز کا ہوم سٹی ان کا آبائی شہر حیدرآباد (سندھ) ہوگا اور کہا کہ وہ کرکٹ کو عالمی سطح تک لے جانا چاہتے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ کھلاڑیوں کو فیملی کی طرح ٹریٹ کرنا ان کی کامیابی کا راز ہے۔
انہوں نے کہا کہ کنگزمین گروپ امریکا سے لے کر پاکستان تک کرکٹ کو فروغ دے رہا ہے اور گزشتہ سیزن میں ان کی ٹیم پاکستان کے ڈومیسٹک گریڈ 2 ٹورنامنٹ میں بھی شریک ہوئی تھی۔















